نئی دہلی، 9 ؍ستمبر(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )قومی دیہی صحت مشن(این آر ایچ ایم)گھوٹالے کے معاملے میں ایک خصوصی عدالت کی جانب سے جاری غیر ضمانتی وارنٹ کے سلسلے میں سی بی آئی نے اتر پردیش کے سابق وزیر صحت اننت کمار مشرا کی رہائش گاہ پر چھاپہ ماری کی۔سی بی آئی ذرائع نے بتایا کہ غازی آباد کی خصوصی عدالت کی جانب سے جاری وارنٹ کی تعمیل کرانے کے لئے جانچ ایجنسی کی ایک ٹیم مشرا کی رہائش گاہ پر گئی تھی۔خصوصی عدالت نے پانچ ستمبر کو مشرا کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا تھا۔سمن کے باوجود جب مشرا عدالت میں پیش نہیں ہوئے تو ان کے خلاف وارنٹ جاری کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ عدالت نے سماعت کی اگلی تاریخ 19ستمبر مقرر کر دی اور سی بی آئی سے کہا کہ وہ مشرا کو عدالت میں پیش کرے۔این آر ایچ ایم گھوٹالے کے معاملے میں سی بی آئی نے اس سال 13جولائی کو الزامی خط دائر کیا تھا جس میں الزام لگایا گیا کہ مشرا نے اضلاع میں چیف میڈیکل افسران کی تعیناتی کے لئے دوائی سپلائرز سے 15-20لاکھ روپے کی رشوت لی۔